08 دسمبر ، 2024
شام میں بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد اپوزیشن فورسز نے دمشق کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
اس طرح شام پر الاسد خاندان کے 53 سالہ اقتدار کا سورج بھی غروب ہوگیا۔
بشار الاسد شام کو چھوڑ کر کسی نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے جن کا طیارہ طیارہ مبینہ طور پر روس جاتے ہوئے ریڈار سے غائب ہو گیا جس کے بعد ان کی حادثے میں مارے جانے کی متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے داخل ہونے سے پہلے ہی بشار الاسد ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔
دمشق پر اپوزیشن فورسز کے کنٹرول کے بعد ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں لوگ بشار الاسد کے صدارتی محل میں داخل ہوکر وہاں سیلفیز لے رہے ہیں یا ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
کچھ تصاویر میں لوگوں کو صدارتی محل سے سامان جیسے ملبوسات، ہینڈ بیگز، سوٹ کیس، پرفیوم کی بوتلیں اور فانوس وغیرہ لوٹتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
اس سے قبل بشار الاسد کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو ایک گیراج کی ہے جہاں قطاروں میں بیش قیمتی لگژری گاڑیاں کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔