Time 08 دسمبر ، 2024
دنیا

ویڈیو: دمشق کی فوجی جیل سے خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں سیاسی قیدی رہا

شام: صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دمشق کے نواح میں فوجی جیل سے ہزاروں سیاسی قیدیوں کی رہائی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

جیل سے رہائی پانے والوں میں سیکڑوں شامی خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو میں اپوزیشن فورسز کو شام کی بدنام زمانہ صيدنايا جیل کے مرکزی کنٹرول روم میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں جیل کے باہر کے مناظر بھی شامل ہیں جن میں رہا ہونے والے قیدیوں کو جیل سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں اپوزیشن فورسز کی جانب سے خواتین کی جیل کے تالے توڑ کر خواتین قیدیوں کو رہا کرواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں خواتین قیدیوں کے ساتھ چھوٹے بچے بھی نظر آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ شامی اپوزیشن فورسز نے مختلف شہروں کے بعد دارالحکومت دمشق پر بھی قبضے اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

علاوہ ازیں شامی صدر بشار الاسد کا طیارہ مبینہ طور پر روس جاتے ہوئے ریڈار سے غائب ہو گیا جس کے بعد ان کی حادثے میں مارے جانے کی متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں باغیوں کے داخل ہونے سے پہلے ہی بشار الاسد ایک طیارے میں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :