08 دسمبر ، 2024
اسرائیلی فوج شام کے شہر قنیطرہ میں داخل ہوگئی، اسرائیل نے مقبوضہ گولان کے سامنے بفرزون میں فوج تعینات کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 1974 کے معاہدے کے بعد پہلی بار اسرائیلی فوج اس بفرزون میں داخل ہوئی ہے۔
2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ نےگولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کا کہا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے علاقے میں موجود شامیوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ شامی فوج نے پوزیشنز چھوڑ دیں تھیں اس لیے اسرائیلی فوج نے پوزیشن سنبھال لی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کسی دشمن فورس کو اپنی سرحدوں پر پنپنے نہیں دے گا، بشار الاسد حکومت کا خاتمہ حزب اللہ اور ایران سے نمٹنےکی اسرائیلی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ باغیوں کو بشار الاسد کی فوج کے اسلحے پر قبضے سے روکنےکی کوشش کریں گے، شامی باغی اسرائیل کے ساتھ جنگ کی صلاحیت نہیں رکھتے۔