09 دسمبر ، 2024
کراچی : سفاری پارک میں مرنے والی ہتھنی سونیا کی موت کی وجہ جاننے کیلئے پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔
یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ڈاکٹر غلام مصطفیٰ کی سربراہی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں کراچی چڑیاگھر کے ڈاکٹر عامر اسماعیل، ڈاکٹر عابدہ اور فور پازٹیم کےڈاکٹربھی ویڈیو لنک کےذریعے پوسٹ مارٹم کے عمل میں شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر سفاری پارک سید امجد علی کے مطابق ہتھنی سونیا کے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد علم ہوسکے گا کہ اس کی موت کی کیا وجہ ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر سفاری پارک کا کہنا ہے کہ ہتھنی سونیا کی موت کی وجہ جاننے کیلئے انکوائری کمیٹی بنادی گئی ہے جو موت سے متعلق تحقیقات کرے گی جب کہ ہتھنی مدھوبالا کا سفاری پارک میں خیال رکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزسفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا مرگئی تھی ، ہتھنی کی عمر 22 سے 23 سال کے درمیان تھی جو پارک میں مردہ پائی گئی۔
ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں تھیں جب کہ چند روز قبل چڑیا گھر سے ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔