10 دسمبر ، 2024
دمشق: شام میں بشارالاسد کو اقتدار سے بے دخل کرنے والی حیات التحریر کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے سابقہ حکومت میں تشدد کے واقعات کی نگرانی کرنے والے افسران کی فہرستیں جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
شام میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ہزاروں قیدی جیلوں سے رہا ہورہے ہیں جنہیں بشار کی فوج نے سالوں سے قید میں رکھا ہوا تھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ شامی باغی لیڈر ابو محمد الجولانی نے آج سابقہ حکومت میں تشدد کی واقعات کی نگرانی کرنے والے افسران کی فہرستیں جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ جرائم میں ملوث ان افسران کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے لوگوں کو انعامات دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل باغی گروپ حیات التحریر کی جانب سے شام کی سرکاری فوج کے لیے عام معافی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب شامی شہری دفاع کے ادارے وائٹ ہیلمٹس کی جانب بدنام زمانہ صیدنایا جیل میں اب قیدیوں کی تلاش کو ختم کردیا گیا ہے اور یہ اعلان کیا گیا ہے کہ جیل میں مزید انڈر گراؤنڈ سیلز اور اس میں ہزاروں افراد کی قید ہونے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے اور جتنے افراد قید تھےانہیں رہا کیا جاچکا ہے۔