10 دسمبر ، 2024
ماضی کی مشہور اداکارہ نشو بیگم نے اپنی بیٹی اداکارہ صاحبہ کے ساتھ خراب تعلقات کی وجوہات بیان کردیں۔
گزشتہ ماہ سابقہ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی پہلی شادی کا فیصلہ انتہائی غلط تھا جس کا احساس اب ہوتا ہے، پہلے شوہر کی وجہ سے وہ 8 ماہ سے اپنی بیٹی صاحبہ سے نہیں مل سکیں، بیٹی سے نہ مل پانے کی وجہ سے انہیں ایسا لگتا ہے کہ کسی نے ان کا کلیجہ ان کے سینے سے نکال دیا ہو۔
نشو بیگم نے بیٹی سے نہ ملنے کا الزام اپنے پہلے شوہر اور صاحبہ کے والد پر عائد کیا تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ بیٹی ان سے کیوں نہیں مل رہیں۔
اب انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں وضاحت پیش کی اور کہا کہ وہ ایک باعزت اور صاف گو انسان ہیں اور کسی سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ غلطی ان کی نہیں بلکہ دوسروں کی ہے، اگر صاحبہ اور ان کے شوہر مجھ سے دور رہ کر خوش ہیں تو مجھے اعتراض نہیں۔
نشو بیگم نے مزید کہا کہ ان کے بیان میں ایک پوشیدہ پیغام ہے جس میں وہ چاہتی ہیں کہ اگر ان کے دور رہنے سے صاحبہ کا گھر بستا ہے تو یہی بہتر ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاحبہ اور ان کے شوہر نے نجی معاملات کو عوام کے سامنے لے جانے کی غلطی کی، عزت دار اور خاندان پرست لوگ ذاتی مسائل کو سوشل میڈیا پر زیر بحث نہیں لاتے۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ صاحبہ کو یوٹیوب پر ویڈیوز کے ذریعے گھر کا یہ مسئلہ اجاگر نہیں کرنا چاہیے تھا۔