10 دسمبر ، 2024
گوگل نے 2024 کے لیے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات اور موضوعات کی فہرست جاری کی ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہر سال کھربوں سرچز میں سے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ ٹرینڈنگ (رجحانات) کو مدنظر رکھ کر اس فہرست کو مرتب کیا جاتا ہے۔
ویسے تو پاکستان میں اس سال لوگوں نے جس شخصیت کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ ایرانی نژاد فرانسیسی فوٹوگرافر عباس عطار ہیں۔
لیکن اس تحریر میں ہم صرف جانیں گے کہ 2024 میں پاکستان میں کونسی اسپورٹس شخصیات سب سے زیادہ سرچ کی گئی ہیں۔
پاکستان میں ویسے تو سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل کرکٹ ہے لیکن حیران کن طور پر اس سال پاکستانیوں نے جو اسپورٹس شخصیت سب سے زیادہ سرچ کی وہ ایک کرکٹر نہیں بلکہ ایک پاکستانی ایتھلیٹ ہے۔
جی ہاں، اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اسپورٹس شخصیت کا اعزاز جیولن تھرور ارشد ندیم نے حاصل کیا ہے۔
ارشد ندیم نے رواں برس اگست میں ہونے والے پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل 92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنایا اور پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوایا۔
اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔
ارشد سے قبل پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔
پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اسپورٹس شخصیت میں اگلا نام ایک کرکٹر کا ہے جس کا تعلق پاکستان سےہی ہے۔
آپ کے ذہن میں شاید یہ نام بابر اعظم، شاہین آفریدی یا رضوان کا ہوگا لیکن ایسا نہیں ہے۔جس کرکٹر کو پاکستان میں اس سال سب سے زیادہ سرچ کیا گیا وہ اسپنر ساجد خان ہیں۔
ساجد خان نے رواں سال اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف اپنی شاندار بولنگ سے انگلش بیٹرز کو مشکلات میں ڈالا اور پاکستان کو ٹیسٹ سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شاندار کارکردگی کی وجہ سے ساجد خان کو انگلینڈ کے خلاف پلیئر آف دی میچ اور پلئیر آف دی سیریز کی ٹرافیاں ملی تھیں۔
اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اسپورٹس شخصیت میں تیسرا نام بھی ایک پاکستانی کرکٹر کا ہے۔
جی ہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک بھی اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اسپورٹس شخصیت کی فہرست میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک نے رواں سال جنوری میں اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی تھی جس کے بعد وہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے تھے۔