10 دسمبر ، 2024
پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بھاشا ڈیم متاثرین نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیےکھول دیا۔
بھاشا ڈیم متاثرین سے ایس پی دیامر شیر خان نے مذاکرات کیے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد مظاہرین نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیےکھول دیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے فی الحال شاہراہ قراقرم کےکنارے پر دھرنا جاری رہےگا،کل صبح 10 بجے تک مطالبات منظور نہ ہوئے تو شاہراہ قراقرم کو دوبارہ بند کردیں گے۔
مظاہرین کا مطالبہ ہےکہ بھاشا ڈیم اراضی کے واجبات کی ادائیگی اور ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کیا جائے۔
خیال رہےکہ مسنگ چولہا کمیٹی کی جانب سےکل دن12بجےسےشاہراہ قراقرم پر دھرنا دیا جا رہا تھا۔
شاہراہ قراقرم بند ہونے سے باب چلاس اور زیرو پوائنٹ کے مقام پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔