11 دسمبر ، 2024
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے والدین کو مشورہ دیا ہےکہ وہ بچوں کو ٹک ٹاک کی دنیا سے دور رکھیں۔
عالمی اردو کانفرنس کے سیشن ’ میں ہوں کراچی ‘ میں گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ میں نے اپنی بیٹیوں کو موبائل ان کے نکاح کے بعد دیا۔
شاہد آفریدی نے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’سارے والدین اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں لیکن ہم نے بچوں پر شیروں کی نظر بھی رکھنی چاہیے کیوں کہ آج کے ماحول میں ماں باپ اپنی آنکھیں نہیں بند کیے رکھ سکتے‘ ۔
سابق کپتان نے والدین سے گزارش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’خدارا اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں سوشل میڈیا سے دور رکھیں کیوں کہ 16 سے 20 سال کی عمر کسی بھی بچے کیلئے بہت خطرناک عمر کہلاتی ہے‘۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ماں باپ کو چاہیے کہ اس عمر میں بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کیلئے ان کی مدد کریں، بچوں کو ٹک ٹاک کی دنیا سے دور رکھیں اور انہیں حقیقی دنیا دکھائیں‘۔