Time 11 دسمبر ، 2024
دنیا

کابل میں دھماکا، جلال الدین حقانی کے بھائی و وزیر مہاجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق

کابل: افغان دارالحکومت میں دھماکے سے حقانی نیٹ ورک کے سینئر رہنما اور  افغان وزیر برائے مہجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانع نے تصدیق کی ہے  دھماکا وزارت مہاجرین کی عمارت کے اندر ہوا جس میں خلیل الرحمان حقانی سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔

خلیل الرحمان حقانی افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا اور حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے، جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی نے بھی خلیل الرحمان حقانی سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیل الرحمان حقانی ظہر کی نماز پڑھ کر واپس آرہے تھے کہ دھماکا ہوا۔

طالبان ترجمان کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کو داعش نے نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ 2021 میں افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد خلیل الرحمان حقانی کو وزیر بنایا گیا تھا۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل میں دہشت گرد حملے میں عبوری افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کے  جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے افغان وزارت برائے افغان مہاجرین پر دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، پاکستان ہر قسم کے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

مزید خبریں :