11 دسمبر ، 2024
خیرپور میں پسندکی شادی کرنے پر مسلح افراد نے لڑکی اور اس کے شوہر سمیت 4 افرادکو اغوا کرلیا۔
خیرپور کی تحصیل فیض گنج میں ظفرآباد کے قریب نندیرو گوٹھ پر حملہ کرکے مسلح افراد پسندکی شادی کرنے والی لڑکی سمیت 4 افراد کو اغوا کرکے لےگئے۔
ڈی ایس پی ٹھری میر واہ امداد علی سولنگی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تین ماہ قبل ضلع نوشہرو فیروز کے ٹھارو شاہ کے علاقے کی لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے رشتے دار ناراض تھے۔
ڈی ایس پی کے مطابق آج صبح سویرے مسلح افراد گاڑیوں میں سوار ہوکر گوٹھ نندیرو پہنچے جہاں انہوں نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی، اس کے شوہر اور اس کے بھائیوں کو اغوا کرکے گاڑیوں میں ڈالا اور فرار ہوگئے۔
ڈی ایس پی کا کہنا ہےکہ علاقے کے معززین کے تعاون سے مغویوں کو بازیاب کرائیں گے۔