12 دسمبر ، 2024
ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار الو ارجن کی فلم’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران کھانے کے بل پر جھگڑا ہوگیا جس دوران کینٹین کا مالک فلم دیکھنے آئے شخص کا کان چبا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کےگوالیار تھیٹر میں پشپا 2 کی اسکریننگ کے دوران پیش آیا جس دوران کینٹین کے مالک راجو نے شبیر نامی شخص کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مطابق متاثرہ شخص فلم ’پشپا 2 ‘ دیکھنے تھیٹر آیا تھا جو بریک کے دوران تھیٹر کی کینٹین میں کھانا خریدنے گیا تاہم بل نہ دینے کے معاملے پر کینٹین کے مالک اور شبیر نامی شخص کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ کینٹین کے مالک نے شبیر پر بل کی رقم نہ دینے کا الزام لگایا جس کے بعد دونوں کے درمیان بحث شروع ہوگئی اور جلد ہی اس بحث میں کینٹین کے مالک راجو کے 3 دوست بھی شریک ہوگئے، تینوں نے مل کر شبیر کو مارا پیٹا اور جھگڑے کے دوران راجو شبیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے اس کا کان چبا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تاہم فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں الو ارجن کی فلم’پشپا 2‘ کی اسکریننگ خاتون مداح کی ہلاکت اور 2 بچوں کے شدید زخمی ہونے کا سبب بن گئی تھی۔
پشپا ٹو کے لیے الو ارجن نے پارٹ ون کے مقابلے میں دگنا معاوضہ لیا ہے۔
ٹریک ٹالی وڈ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الو ارجن نے 'پشپا 2' کے لیے حیران کن طور پر 300 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا ہے، یہ معاوضہ بالی وڈ کے بڑے اداکاروں کی فلم کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔