13 دسمبر ، 2024
حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر اہم پیشرفت کے باوجود دونوں جانب ایک دوسرے پر اعتماد کا فقدان برقرار ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی فیض حمید کی چارج شیٹ دیکھ کر گھبرا گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی گھبراہٹ میں پی ٹی آئی حکومت کو مذاکرات کا جھانسہ دے رہی ہے تاکہ سزاؤں سے بچا جا سکے اور فیض حمید کے ٹرائل پر کسی طرح اثر انداز ہوا جا سکے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں ان کی مذاکرات کی پیشکش میں نیک نیتی نظر نہیں آرہی۔
اسی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ وہ مذاکرات کے معاملے پر حکومت کا رویہ دیکھ کر حیران ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی لیڈرشپ سے ناراضی کے سوال پرعلی محمد خان نے کہا کہ کل یا پرسوں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے جائیں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اگر کوئی تحفظات ہوئے تو اس ملاقات میں اُن تک پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان ملاقات میں ملکی مفاد میں مل بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنے پر بات کی گئی تھی۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ ملاقات میں دونوں طرف سے سخت مؤقف رکھنے والوں کو سمجھانے پر اصرار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایاز صادق نے تجویز دی کہ آپ اپنی جماعت سے سخت گیر مؤقف رکھنے والوں کو سمجھائیں، میں اپنی جماعت کے سخت گیرمؤقف رکھنے والوں کو سمجھاؤں گا، اس پر اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کریں گے۔
دونوں رہنماؤں نے قوم کے سامنے مذاکراتی عمل کو شفاف انداز سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔