Time 13 دسمبر ، 2024
پاکستان

اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات کیلئے ابتدائی بات چیت کی خبروں کو بھی مسترد کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات سے متعلق ابتدائی بات چیت کی اطلاعات کو مسترد کر دیا۔

قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں مذاکرات یا ڈائیلاگ کی کوئی بات نہیں ہوئی، ایاز صادق کے پاس فاتحہ خوانی کے لیے گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی ضرور بنائی ہے مگر بات تب ہی شروع ہو سکتی ہے جب حکومت سنجیدگی دکھائے، اس میں پیشرفت بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق ہی ہو گی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا حکومت کو اس سوال کا جواب دینا ہوگا کہ 26 نومبر کو گولی کیوں چلائی؟ کس قانون کے تحت نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے، ابھی تو صرف سلام دعا ہوئی ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا 15 دسمبر سے پہلے بات ہو جائے تو ملک کے لیے اچھا ہے، حالات جوں کے توں رہے تو بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال پر عمل درآمد ہوگا۔

مزید خبریں :