15 دسمبر ، 2024
وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یونان میں پاکستانی سفارت خانے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا۔
گزشتہ روز کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعے میں متاثرہ 47 پاکستانیوں کی نشاندہی کرکے انہیں ریسکیو کیا گیا تھا۔
یونان میں پاکستانی سفارتخانہ ریسکیو کیے گئے افراد اور ان کے اہلخانہ کے مابین روابط اور ان کی مدد کیلئے سرگرم ہیں۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار واقعے میں متاثرہ پاکستانیوں کی نشاندہی اور مدد کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے فوری نوٹس پر پاکستانی سفارتخانے نے یونانی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا، خصوصی سیل یونانی جزیرے کے قریب کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانیوں کی شناخت اور ورثا کی اپنے پیاروں تک رسائی کو یقینی بنائے گا۔
یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں پاکستانیوں کی شناخت کیلئے واٹس ایپ سہولت فراہم کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں حادثے کا شکار پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، معصوم شہریوں کو ورغلا کر انسانی اسمگلنگ کے مزموم فعل میں شریک عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، متاثرہ افراد اور ان کے اہلخانہ کی حکومت پاکستان اور یونان میں پاکستانی سفارتخانہ ہر ممکن معاونت کرے گا۔
یونان میں پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں پاکستانیوں کی شناخت کیلئے واٹس ایپ نمبر 00306943850188 کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی جس میں ایک پاکستانی شخص کی شناخت بھی ہوئی ہے۔