15 دسمبر ، 2024
دوستوں یا رشتے داروں سے رابطے کے لیے زیادہ تر افراد واٹس ایپ کا رخ کرتے ہیں۔
مگر پاکستان یا دیگر ممالک کے صارفین کئی بار انگلش یا کسی اور زبان کے میسجز کو سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
تو اگر آپ کو بھی اس مشکل کا سامنا ہوتا ہے تو اب اس حوالے سے واٹس ایپ کی جانب سے آپ کی مدد کی جائے گی۔
جی ہاں واقعی صارفین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ ٹرانسلیشن یا میسجز کا ترجمہ کرنے والا فیچر بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
ابھی یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں سامنے آیا ہے جس کا مقصد مختلف زبانوں میں رابطوں کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
WEBetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے ٹرانسلیشن فیچر میں اس میسجنگ پلیٹ فارم میں زبان کی رکاوٹ ختم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میسجز کا ترجمہ صارفین کی ڈیوائس کے اندر ہی کیا جائے گا جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو برقرار رکھا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کی جانب سے لینگوئج پیک ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کی جائے گی تاکہ تھرڈ پارٹیز کو صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہ ہوسکے۔
اس فیچر کو آف لائن یعنی انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی میسجز کا ترجمہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا کیونکہ لینگوئج پیک ڈیوائس میں انسٹال ہوں گے۔
آف لائن ٹرانسلیشن سے صارفین کو پرائیویسی برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
صارفین کو یہ فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہوگا کہ میسجز کا ترجمہ خودکار طریقے سے ہو یا وہ خود ایسا کریں۔
البتہ میسجز کا ترجمہ ہر بار 100 فیصد درست نہیں ہوگا تو صارفین کو اس حوالے سے خود بھی خیال رکھنا ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور وہاں بھی تمام افراد کو دستیاب نہیں تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔