15 دسمبر ، 2024
شام کی نئی عبوری انتظامیہ نے ملک کی فضائی حدود اتوار کی دوپہر سے کھول دی ہے۔
فضائی حدود کی بندش کے خاتمے کے بعد سے شامی فضائی حدود سے پروازوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔
اردن کے دارالحکومت اومان سے بیروت کے لیے پہلی پرواز ایم ای اے 311 نے دمشق کے اوپر سے منزل تک سفر کیا۔ جس کے بعد بغداد، جدہ اور دیگر شہروں کے لیے پروازیں بھی شامی فضائی حدود سے گزریں۔
شام کی فضائی حدود ایک ہفتہ قبل بشار الاسد کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے بند کی گئی تھی۔
شام کے صدر بشار الاسد کو ملک سے فرار کرانے والے شامی ائیر لائن کے آخری طیارے نے اتوار کی صبح دمشق ائیرپورٹ سے آخری ٹیک آف کیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پرواز آر بی 9218 کے ذریعے سابق صدر بشار الاسد کو مقامی ائیر بیس تک پہنچایا گیا تھا جہاں سے وہ روسی طیارے میں ملک سے فرار ہوئے۔
شام کی فضائی حدود کھولے جانے کے حوالے سے شامی وزیر ٹرانسپورٹ نےکہا ہےکہ شام کے دو بڑے ائیرپورٹس دمشق اور حلب بھی جلد پروازوں کے لیے بحال کیے جا رہے ہیں۔