Time 16 دسمبر ، 2024
دنیا

افریقا میں فرانسیسی علاقے میں سمندری طوفان سے ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

افریقا میں فرانسیسی علاقے میں سمندری طوفان سے ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ
فوٹو: اے پی

براعظم افریقا میں فرانسیسی جزیرے کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مایوٹ جزیرے پر سمندری طوفان چیدو کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سیکڑوں ہے اور یہ ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ فرانس نے بحر ہند میں شدید تباہی کا شکار اپنے اس غریب سمندر پار علاقے میں امدادی ٹیمیں اور ضروری سامان روانہ کر دیا ہے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ نے اتوار کو کم از کم 11 افراد کی ہلاکت اور 250 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کی لیکن یہ بھی کہا کہ یہ تعداد کافی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

افریقا میں فرانسیسی علاقے مایوٹ کے پریفیکٹ فرانکوئیززاویر بیوول نے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں، اس طوفان کی شدت کو دیکھتے ہوئے شاید یہ تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ جائے بلکہ ہزاروں تک بھی جا سکتی ہے۔

بیوول کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز شدید سمندری طوفان نے مایوٹ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس سے ہوائی اڈے، عوامی اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی علاقے مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مایوٹ سے گزشتہ 90 سالوں کے دوران ٹکرانے والا بدترین طوفان تھا،  طوفان کے بعد ہلاکتوں اور زخمیوں کی صحیح تعداد معلوم کرنا انتہائی مشکل ہو رہا ہے۔

فرانسیسی عہدیدار بیوول کے مطابق سب سے زیادہ تباہی مایوٹ کے کچی آبادیوں میں ہوئی ہے، جہاں دھات کی جھونپڑیوں اور غیر رسمی ڈھانچوں میں لوگ رہتے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ ان کچی آبادیوں کی تصاویر دیکھتے ہیں تو یہ تعداد ناقابل یقین ہے، میرے خیال میں انسانی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے۔

مایوٹ جزیرہ بحر ہند میں افریقا کے ساحل کے قریب واقع ہے اور یہ فرانس کا سب سے غریب جزیرہ اور یورپی یونین کا سب سے غریب علاقہ ہے۔ اس علاقے کی آبادی 3 لاکھ سے کچھ زیادہ ہے جو دو بڑے جزیروں پر پھیلی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :