Time 16 دسمبر ، 2024
دنیا

جرمن پارلیمنٹ کا چانسلر اولاف شولز پر عدم اعتماد کا اظہار

جرمن پارلیمنٹ کا چانسلر اولاف شولز پر عدم اعتماد کا اظہار
جرمن پارلیمنٹ کے733 ارکان میں سے 394 نےچانسلر پر عدم اعتماد کا اظہارکیا— فوٹو: رائٹرز

برلن: جرمن پارلیمنٹ نے چانسلر اولاف شولز پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جرمن پارلیمنٹ نے چانسلر اولاف شولز کی ان پر اور ان کی حکومت پر اعتماد ختم کرنے کی درخواست منظور کرلی، جس کے نتیجے میں 23 فروری کو قبل از وقت انتخابات کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

جرمنی کی 3 جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت گزشتہ ماہ اس وقت ٹوٹ گئی تھی جب فری ڈیموکریٹس نے قرضوں کے معاملے پر اختلاف کے باعث حکومتی اتحاد چھوڑ دیا تھا، یوں اولاف شولز اور ان کی جماعت سوشل ڈیموکریٹس  اور گرینز پارلیمنٹ میں اکثریت کھو بیٹھے۔

جرمن آئین کے تحت صدر فرینک والٹر شٹائن مائر پارلیمنٹ کو صرف اسی وقت تحلیل کرسکتے ہیں اور انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں جب چانسلر اعتماد کا ووٹ طلب کرے اور پارلیمنٹ اس پر اعتماد کا اظہار نہیں کرے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جرمن پارلیمنٹ کے733 ارکان میں سے 394 نےچانسلر پر عدم اعتماد کا اظہارکیا۔

مزید خبریں :