18 دسمبر ، 2024
کراچی: ایف آئی اے نے برآمدی چاول میں پھپھوندی کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے 10 سے زائد افسران کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یورپ کے لیے چاول کی 104 کنسائمنٹس میں پھپھوندی اور منرل آئل کی شکایات سامنے آئیں۔ شکایات پر اعلیٰ حکام کی جانب سے ایف آئی اےکو تحقیقات کا حکم دیا گیا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن کے افسران نے قوانین کے خلاف چاول کے سرٹیفکیٹ جاری کیے۔ 104کنسائمنٹس کے سرٹیفکیٹ پر سوالات اٹھائےگئےکہ یہ عمل پلانٹ پروٹیکشن کے قوانین کےخلاف ہے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق سرٹیفکیٹ جاری کرنا اینٹامولوجسٹ کا کام ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے پر ڈیپارٹمنٹ پلانٹ پروٹیکشن کے17اینٹامولوجسٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمےکے اندراج کے بعد ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 10 سے زائد افسران کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق وفاقی اینٹی کرپشن عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد تحقیقات جاری ہیں۔