20 دسمبر ، 2024
پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور نئی امریکی پابندیوں سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ بیان سامنے آگیا۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے تحفظات واضح ہیں۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار امریکا کی دیرینہ پالیسی ہے۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکا عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔
اس سے قبل امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا تھا کہ پاکستان ایسے میزائل بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف بشمول امریکا کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایک تقریب سے خطاب میں امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے جو اسے جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف بشمول امریکا کو بھی نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اقدامات اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مقاصد کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ اگر کھل کر بات کی جائے تو پاکستان کے اقدامات کو امریکا کیلئے ایک ابھرتے ہوئے خطرے کے سوا کچھ اور سمجھنا مشکل ہے۔