Time 20 دسمبر ، 2024
پاکستان

پختونخوا ایپکس کمیٹی کا ضلع کرم میں نجی بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے ضلع کرم میں نجی بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ضلع کرم کی صورتحال پرخیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، وزیرداخلہ محسن نقوی سمیت کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری کے پی، آئی جی اور متعلقہ کابینہ اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے ہونے والی پشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں سپورٹ کریں گے۔

اس موقع پر ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کیا جائے گا جب کہ علاقے میں لوگوں سے اسلحہ واپس لینے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرم میں اسلحےکے رجحان کے خاتمے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے تمام توانائیاں بروئےکارلائی جائیں گی،  امن و امان کے لیے وفاقی حکومت بھی تعاون کرے، امن کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔


مزید خبریں :