22 دسمبر ، 2024
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت بھی دیدی ہے، دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل اسیپکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنےکیلئے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے بھی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے اپنی جماعت کو سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی تجویز دیدی ہے۔