پاکستان

وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی، کون کون شامل؟

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ 

وزیراعظم شہباز نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوتے ممبران کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ 

وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی  میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی کے نام شامل ہیں۔ 

ان کے علاوہ راجہ پرویز اشرف، نویدقمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین بھی کمیٹی  میں شامل ہوں گے۔ 

حکام کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی اتحاد کی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر بنائی اور  اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات میں ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔

مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل مثبت عمل،  اچھی سوچ کے تحت جامع بات ہونی چاہیے: بیرسٹر گوہر

وزیراعظم کی جانب سے مذاکرتی کمیٹی کی تشکیل پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم کمیٹی کی تشکیل کا عمل مثبت سمجھتے ہیں۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا مذاکرات میں اچھی سوچ کے تحت جامع بات ہونی چاہیے، مذاکراتی عمل کا ٹائم فریم ہونا چاہیے، وقت کی نزاکت دیکھتےہوئےمذاکرات کومثبت انداز سے آگے بڑھانا ہوگا۔

گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔

واضح رہے  تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے درمیان مذاکرات کی باتیں گزشتہ کافی دنوں سے جاری ہے مگر باضابطہ مذاکرات کا آغاز اب تک نہیں ہو سکا تھا جبکہ عمران خان نے چند دن قبل پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔ 

دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی حکومت کی جانب سے مذاکرات کی سنجیدہ کوشش نا ہونے کی صورت میں آج سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 


مزید خبریں :