23 دسمبر ، 2024
ایمازون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں جو اس وقت 244 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
مگر کیا وہ لورین سانچز کے ساتھ اپنی دوسری شادی پر 60 کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں؟
یہ دعویٰ برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کیا گیا تھا جس پر جیف بیزوز نے خود ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ بالکل بے بنیاد ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں ایمازون کے بانی نے کہا کہ 'یہ پوری رپورٹ بے بنیاد ہے، ایسا کچھ نہیں ہو رہا'۔
انہوں نے بتایا کہ 'جو کچھ بھی آپ پڑھتے ہیں اس پر یقین مت کیا کریں، آج یہ کہاوت پہلے سے زیادہ درست ثابت ہو رہی ہے، اب دنیا بھر میں جھوٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے، یہاں تک کہ اکثر سچ کو اسے جھٹلانے کا موقع بھی نہیں ملتا'۔
انہوں نے میڈیا رپورٹ کی تردید اس وقت کی جب ایک کمپنی Pershing Square کے ارب پتی چیف ایگزیکٹو بل آک مین نے ایک ایکس پوسٹ میں اس رپورٹ کو مسترد کیا تھا۔
بل آک مین کی پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے جیف بیزوز نے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
لورین سانچز نے بھی جیف بیزوز کی پوسٹ کو انسٹا گرام اسٹوریز میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ رپورٹ درست نہیں۔
جیف بیزوز اور لورین سانچز کی منگنی 2023 میں ہوئی تھی مگر اب تک اس جوڑے نے شادی کی تاریخ کا باضابطہ فیصلہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ برطانوی روزنامے ڈیلی میل نے 'باخبر ذرائع'کے حوالے سے دعویٰ تھا کہ جیف بیزوز اور لورین سانچز کی شادی 28 دسمبر کو کولوراڈو کے علاقے Aspen میں 28 دسمبر کو ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس شادی پر 60 کروڑ ڈالرز کا خرچہ کیا جائے گا۔
جیف بیزوز کی جانب سے رپورٹ کو بے بنیاد قرار دینے کی پوسٹ پر دنیا کے امیر ترین شخص اور ایکس کے مالک ایلون مسک کی جانب سے بھی ریپلائی کیا گیا۔
ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں اس توقع کا اظہار کیا کہ شادی کی تقریب زبردست ہوگی۔
خیال رہے کہ جیف بیزوز نے پہلی شادی 1993 میں میکنزی اسکاٹ سے کی تھی اور 25 سال بعد 2019 میں دونوں ایک دوسرے الگ ہوگئے تھے۔
اس طلاق کے بعد جیف بیزوز نے میکنزی اسکاٹ کو 35 ارب ڈالرز ادا کیے تھے۔