27 دسمبر ، 2024
ضلع کرم میں پاراچنار مرکزی شاہراہ کو بند ہوئے 79 دن گزر گئے جس کے باعث ادویات اور خوراک کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے۔
گرینڈ امن جرگہ فریقین سے مذاکرات مکمل کرنے کے باوجود اب تک کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا، راستوں کی بندش سے علاقے میں ادویات نہ پہنچنے کے باعث پاراچنار کے اسپتالوں سے مسلسل اموات کی خبریں آرہی ہیں جبکہ لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
ابتر صورتحال کے خلاف پاراچنار میں 8 دن سے احتجاجی دھرنا جاری ہے، مظاہرین سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد، لاہور، جھنگ اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں دھرنے دیے گئے ہیں۔
کراچی میں ٹریفک کی صورتحال
ٹریفک پولیس کے مطابق پارا چنار صورتحال پر مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، ایم اے جنا ح روڈ نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے، ٹریفک کو پیپلز چورنگی،گرو مندر سے سولجر بازار متبادل راستہ فراہم کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ابو الحسن اصفہانی روڈ سے سپر ہائی وے، عباس ٹاؤن کی سڑکیں بند ہیں، ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک کی طرف متبادل راستہ دیا گیا ہے، فائیو اسٹار چورنگی بند، سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو اندرون علاقوں میں متبادل راستہ دیا گیا ہے، شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ سے ملیر کا راستہ بھی بند ہے، ٹریفک کو ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔ نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج چڑھائی جانب قائدآباد کی سڑک بند ہے۔