28 دسمبر ، 2024
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں قیام امن کے لیےکوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کو کوہاٹ فورٹ میں گرینڈ امن جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ جرگے میں سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔جرگے میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے دستخط کےبعد ممکنہ طور پر آج دن 11 بجے تک فیصلہ متوقع ہے۔
مجوزہ معاہدے کےمطابق دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کو دینےپر آمادہ ہو گئے ہیں۔
گزشتہ روز ضلع کرم کےعلاقےمقبل میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کے لیے ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کےمطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں سمیت پھنسے ہوئے 40 افراد کو منتقل کیاگیا۔
یاد رہے کہ ضلع کرم میں پاراچنار پشاور مرکزی شاہراہ سمیت اپرکرم کے متعدد راستے ڈھائی ماہ سے بند ہیں۔
پارا چنار سمیت اپرکرم کے سو سے زائد دیہات میں اشیائے خورونوش، ادویات، پیٹرول سمیت ضروری اشیا کی قلت ہے۔ راستوں کی بندش کے خلاف کرم پریس کلب پر9 روز سےاحتجاجی دھرنا دیا جا رہا ہے۔