29 دسمبر ، 2024
روس نے مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی پر مجوزہ پابندی ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا کی جانب سے مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی شروع کرنے پر روس بھی مجوزہ پابندی ختم کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور نیٹو کے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور صورتحال کے مطابق اقدامات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کی صورتحال سے واضح ہے کہ مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی پر پابندی قابل عمل نہیں اور اسے ختم کیا جانا چاہیے۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے روس اور چین کے انتباہ کو نظرانداز کرکے دنیا کے متعدد خطوں میں ایسے ہتھیار نصب کیے گئے۔
خیال رہے کہ امریکا 2019 میں اس پابندی کے معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا۔
مگر روس کی جانب سے اس وقت سے کہا جا رہا تھا کہ امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کو نصب نہ کیے جانے پر وہ بھی ایسے ہتھیاروں کی تعیناتی نہیں کرے گا۔