29 دسمبر ، 2024
آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔
سکھر پولیس کے مطابق اشتیاق میمن کی دو بہنیں بھی گھر میں بے ہوش ملی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اشتیاق میمن کے رشتے داروں نے فون اٹینڈ نہ ہونے پر گھر کا دروازہ توڑا جس پر اشتیاق میمن کی لاش ملی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد صورتحال واضح ہوسکے گی۔
دوسری جانب آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر آصف شیخ نے جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ اشتیاق میمن یونیورسٹی امتحانات کے معاملات کو دیکھتے تھے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اشتیاق میمن کا حالیہ ایم ڈی کیٹ امتحانات سے کوئی تعلق نہیں تھا، ہوسکتا ہے اشتیاق میمن حالیہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں صرف انویجیلیٹر رہے ہوں۔