29 دسمبر ، 2024
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ پر صدر مملکت نے دستخط کر دیے تھے جس کے ساتھ وہ قانون بن گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس ایکٹ کو سوسائٹیز رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 کہا جائے گا اور یہ ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
متن میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے غیر رجسٹرڈ مدارس کو اس ایکٹ کے تحت 6 ماہ کے اندر رجسٹر کرانا ہوگا، اس ایکٹ کے نفاذ کے بعد قائم مدرسے کو ایک سال کے اندر رجسٹرڈ کرانا ہوگا اور ایک سے زیادہ کیمپس رکھنے والے مدرسے کو صرف ایک رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہر دینی مدرسے کو تعلیمی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرانی ہوگی، ہر مدرسے کو اپنے حسابات کا آڈٹ کرانے کیلئے ایک آڈیٹر مقرر کرنا ہوگا اور ہر مدرسے کو آڈٹ رپورٹ کی ایک کاپی رجسٹرار کو جمع کرانی ہوگی۔
متن میں کہا گیا ہے کہ کوئی مدرسہ ایسی تعلیم یا ادب کی اشاعت نہیں کرےگا جو فرقہ واریت یا مذہبی نفرت پھیلائے، ہر دینی مدرسہ وسائل مطابق اپنے نصاب میں بنیادی جدید مضامین شامل کرے گا اور اس ایکٹ پررجسٹرڈ مدرسہ کو کسی دوسرے قانون کے تحت رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ آج صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ 2024 پر دستخط کیے۔