Time 30 دسمبر ، 2024
پاکستان

کہتا تھا یورپ نہ بھیجا تو گھر چھوڑدونگا: یونان کشتی حادثے میں جاں بحق 14 سالہ عابد کے تایاکی گفتگو

کہتا تھا یورپ نہ بھیجا  تو گھر چھوڑدونگا: یونان کشتی حادثے میں جاں بحق 14 سالہ عابد کے تایاکی گفتگو
عابد کا تعلق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے موریکے ججہ نامی گاؤں سے ہے جہاں ہر گھر کے 2 سے 3بچے باہر گئے ہوئے ہیں : تایا کی گفتگو/اسکرین گریب

یونان کے ساحل پر کشتیاں الٹنے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 14 سالہ پاکستانی عابد جاوید کے تایا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا بھتیجا دوستوں کے یورپ جانے کے بعد اپنی والدہ پر  یورپ بھیجنے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا۔

رواں ماہ یونان کے جزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنے کے واقعے   میں کئی لوگ جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں سعودی عرب میں مقیم جاوید اقبال کے 14 سالہ بیٹے عابد جاوید بھی ہیں۔

عابد کے تایا ذوالفقار نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عابد کا تعلق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے موریکے ججہ نامی گاؤں سے ہے، اس گاؤں کے  ہر گھر کے 2 سے 3بچے باہر گئے ہوئے ہیں، عابد کے والد سعودیہ میں تھے، ان کے گھر کے حالات اچھے تھے اور غربت بھی نہیں تھی لیکن عابد باہر جانے کیلئے بضد تھا، اس نے باہر جانے کیلئے اسکول بھی چھوڑ دیا تھا، یہاں یہی رجحان ہے، بچوں کو باہر نہ بھیجو تو بچے ضد کرتے ہیں، عابد کی  والدہ نے  بھی بیٹے کی دھمکیوں سے ڈر کر  حامی بھرلی تھی۔ 

عابد کے تایا  نے حکومت سے اپیل کی کہ عابد کی لاش جلد از جلد  ملنی چاہیے، ساتھ ہی ایجنٹوں کو سزا بھی ہونی چاہیے تاکہ دوسرے لوگ ان راستوں سے باہر نہ جائیں۔

دوسری جانب عابد کے دوستوں اور پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے کی ساری عوام اٹلی اور یونان جا رہی ہے، یہ سارا گاؤں ایجنٹوں کا ہے، عابد  بھی اپنے بھائی جو کہ اٹلی میں تھے ان سے متاثر ہوکر گیا تھا۔

مزید خبریں :