31 دسمبر ، 2024
پنجاب سے 21 سال کی عمر میں اغوا ہونے والی خاتون 65 سال کی عمر میں 10 بچوں کے ساتھ اپنی اکلوتی بچھڑی بہن سے مل گئی۔
سیہون میں 65 سالہ خاتون شریفاں کھرل جو 44 سال قبل پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب سے اغوا ہوئی تھیں۔
شریفاں نے بتایا کہ انہیں 21 سال کی عمر میں اغوا کاروں نے اغوا کیا تھا اور سندھ کے اندر صرف 3 ہزار روپے میں فروخت کردیا گیا تھا، اغوا کے بعد انہیں سندھ کے مختلف اضلاع میں بار بار فروخت کیا گیا۔
آخر کار بھان سید آباد کے رہائشی رمضان بگھیو نے انہیں خرید کر ان سے نکاح کرلیا۔
شریفاں نے بتایا کہ علاقے کے نیک دل شخص ایاز بگھیو کی مدد سے وہ 44 سال بعد اپنے خاندان سے ملنے میں کامیاب ہوئیں۔
اپنے بچھڑے خاندان سے ملنے پر شریفاں خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ والدین اور دیگر بہن بھائی طویل جدائی کے دوران انتقال کر چکے ہیں اور اب صرف وہ اور ان کی بہن امیران ہی رہ گئی ہیں۔
بہن امیران نے بتایا کہ والد نے شریفاں کی تلاش میں گھر کے تمام زیورات تک بیچ دیے، مگر وہ نہ مل سکیں۔
بہن کے ملنے کی خوشی کے موقع پر گھر میں مٹھائی اور میٹھی ڈشز کا اہتمام بھی کیا گیا۔