02 جنوری ، 2025
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے عارضی طور پر اپنا 'نام ' تبدیل کیا جس کی وجہ سے کرپٹوکرنسی کی دنیا میں ہلچل مچ گئی۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنا نام تبدیل کرکے 'Kekius Maximus' کیا جس نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
'Kekius' ممکنہ طور پر لفظ'kek' سے اخذ کیا گیا ہے اس کا مطلب 'زور سے ہنسنے' کے مترادف ہے جسے آن لائن گیمنگ کلچر میں کافی مقبولیت ملی لیکن اب اکثر اسے انتہا پسند دائیں بازو کے نظریات سے جوڑا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ 'Kek' قدیم مصری دیوتا کا نام بھی ہے جو اندھیرے کا دیوتا مانا جاتا ہے، اور اسے بعض اوقات مینڈک کے سر کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔
ایلون مسک نے ایکس پر پروفائل پکچر بھی تبدیل کی اور مشہور کامیک کریکٹر 'Pepe the Frog' کی تصویر لگائی۔ یہ ایک میم کریکٹر بھی ہے جسے دائیں بازو کے گروپوں نے کافی استعمال کیا۔
ٹیکنالوجی کے ماہر اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ایلون مسک نے نہ تو اس نئے نام کی اور نہ ایکس پر اپنی نئی پروفائل پکچر کی کوئی وضاحت کی۔
ایلون مسک کے اس نئے اقدام کی وجہ سے کرپٹوکرنسی کی دنیا میں ہلچل مچ گئی اور اسی نام کے ایک میم کوائن (جو انٹرنیٹ میمز سے متاثر ہو کر بنائی گئی ڈیجیٹل کرنسی ہے)کی قدر کو آسمان پر پہنچا دیا۔
ماضی میں بھی ایلون مسک نے ایکس پر اپنے تبصروں کے ذریعے کرپٹو کرنسی کی قیمتوں پر بہت اثر ڈالا۔
بعد ازاں ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا نام اور تصویر دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے نام Elon Musk اور اپنی تصویر لگا دی۔