آن لائن صارفین نے ڈرامہ سیریز کے اصل مناظر کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس(AI) کے ذریعے اس طرح تبدیل کیا ہے کہ ایسا لگے جیسے اداکار بوس و کنار کر رہے ہیں۔
02 جنوری ، 2025
پاکستان میں آن لائن صارفین دو ویڈیو کلپس شیئر کر رہے ہیں جن میں مبینہ طور پر پاکستانی اداکاروں کو دو مختلف ٹی وی سیریز کی اقساط میں بوس و کنار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر غم و غصے کا باعث بنی ہوئی ہیں اور صارفین میڈیا ریگولیٹر سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اداکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان ڈراموں کی نشریات پر پابندی عائد کی جائے۔
تاہم، دعویٰ غلط ہے۔
یہ ویڈیوز عوامی سطح پر دستیاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ٹولز کی مدد سے بنائی گئی ہیں۔
19 دسمبر کو ایک X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ نے 15 سیکنڈ کا کلپ شیئر کیا جس میں دو ڈرامہ سیریز کے مناظر کو جوڑا گیا ہے۔
ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر پاکستانی اداکار بلال عباس خان اور دُرفشاں سلیم کو ڈرامہ سیریز ”عشق مرشد“ کے ایک منظر میں بوسہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ دوسری ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار دانش تیمور اور حبا قادر کو ڈرامہ”جان نثار“ کی ایک قسط میں قربت کے لمحے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
صارف نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ”پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کو کیا ہو گیا ہے؟ یہ عریانی اور فحاشی کے نئے ریکارڈ توڑ رہی ہے، پیمرا کہاں ہے؟ قانون کہاں ہے؟“ ویڈیو کو اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ مرتبہ دیکھا اور 1ہزار 300 سے زیادہ بار لائک کیا جا چکا ہے۔
یہ دعویٰ فیس بک پر بھی تیزی سے پھیل گیا۔
ویڈیو کلپس جعلی ہیں اور عوامی سطح پر دستیاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز کی مدد سے بنائی گئی ہیں۔
جیو فیکٹ چیک کو ریورس امیج سرچ کے ذریعے معلوم ہوا کہ ویڈیو کے پہلے حصے، جس میں بلال عباس خان اور دُرفشاں سلیم کو دکھایا گیا، کو اس طرح سے ایڈٹ کیا گیا کہ ایسا لگے جیسے وہ بوسہ لے رہے ہیں۔
حقیقت میں اس سیریز کا اصل منظر ڈرامہ نشر کرنے والے ادارے ہم (HUM) ٹیلی ویژن نے 4 مئی کو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا تھا۔
اصل ویڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے، جس میں اداکاروں کو کیمرے کے لیے پوز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے لیکن بوسہ لیتے ہوئے نہیں۔
دوسری ویڈیو کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے، جس میں اداکار دانش تیمور اور حبا قادر کو دکھایا گیا ہے۔ یہ منظر ڈرامہ ”جان نثار“ کی قسط 28 سے لیا گیا ہے۔ جیو فیکٹ چیک نے پوری قسط کا جائزہ لیا لیکن کوئی ایسا منظر نہیں پایا جس میں اداکاروں کو بوسہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہو۔
اصل ویڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔
فیصلہ:
آن لائن صارفین نے ڈرامہ سیریز کے اصل مناظر کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ٹولز سے تبدیل کرکے ایسا ظاہر کیا ہے جیسے اداکار ڈراموں میں بوسہ لے رہے ہوں، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)GeoFactCheck@ اور انسٹا گرامgeo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔