Time 03 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

وہ بھارتی کامیڈین جس نے کمائی میں کپل شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، دولت کتنی؟

وہ بھارتی کامیڈین جس نے کمائی میں کپل شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، دولت کتنی؟
برہمنندم کو فلم انڈسٹری میں خدمات کے اعتراف میں پدما شری جیسے اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے—فوٹو: فائل

عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ فلم کا ہیرو، ہیروئن یا ولن ہی وہ کردار ہیں جو اپنے کام کا سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں لیکن یہ جان کر آپ کو حیرانی ہوگی کہ کامِک کردار کرنے والا اداکار بھی کمائی میں بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

گزشتہ برس بھارتی میڈیا پر کچھ رپورٹس شائع ہوئیں جن میں بتایا گیا ہے معروف تیلگو اداکار برہمنندم وہ شخص ہیں جنہوں نے کمائی میں پربھاس، رجنی کانتھ اور کپل شرما جیسے لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق برہمنندم کی دولت کی بات کی جائے تو وہ 500 کروڑ سے بھی زیادہ ہے۔

دیگر کامیڈینز کی بات کریں تو کپل شرما کی دولت 300 کروڑ، جانی لیور کی 280 کروڑ اور پاریش راول کی 80 کروڑ ہے۔

برہمنندم کی زندگی کو دیکھا جائے تو ان کی پیدائش یکم فروری 1956 کو آندھرا پردیش میں ہوئی جن کے والد ایک بڑھئی تھے اور ان کا بچپن انتہائی مشکل مالی حالات سے گزرا۔

اداکار نے ماسٹر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی اور بطور تیلگو لیکچرار کام کیا لیکن ان کا شوق تھیٹر اور نقل اتارنے کی طرف زیادہ تھا، جس نے انہیں 1985 میں ڈی ڈی تیلگو کے پروگرام پاکاپاکالو کے ذریعے ٹی وی پر متعارف کرایا۔

برہمنندم کا فلمی کیرئیر 35 سال پر مشتمل ہے جس دوران انہوں نے 1 ہزار سے زائد فلمیں کیں، ان کی آمدنی کا زیادہ تر حصہ فلموں، برانڈ کی تشہیر اور دیگر کاروباری منصوبوں سے ہوتا ہے، جن سے وہ سالانہ 2 کروڑ روپے کماتے ہیں۔

برہمنندم کو فلم انڈسٹری میں خدمات کے اعتراف میں پدما شری جیسے اعلیٰ شہری اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :