04 جنوری ، 2025
پشاور: لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعے کے باعث کرم کو پہلے قافلے کی روانگی روک دی گئی۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، صورتحال کے باعث پہلا قافلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ فائرنگ میں زخمی ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرےسے باہرہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھپری کے مقام پر پولیس اور حکومتی اعلیٰ حکام موجود ہیں، فائرنگ شرپسندوں کی جانب سے کی گئی، معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب گورنر کےپی فیصل کریم کنڈی نے کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ صوبائی حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے، ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کیلئےدعا گو ہوں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل کرم تنازع پر کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے میں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق تمام غیر قانونی اسحلہ سرکار کو جمع کرانے کے لیے مربوط حکمت عملی طے کی جائے گی اور علاقے سے تمام بنکرز ختم کیے جائیں گے۔