Time 04 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

چوہوں کو گھر سے دور رکھنے یا بھگانے کا آسان ترین مؤثر طریقہ

چوہوں کو گھر سے دور رکھنے یا بھگانے کا آسان ترین مؤثر طریقہ
چوہوں کا نظارہ بیشتر افراد کو پسند نہیں آتا / فائل فوٹو

موسم سرما میں چوہے گھروں کے اندر داخل ہونے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں تاکہ کسی گرم جگہ میں رہ سکیں (بالکل انسانوں کی طرح)۔

تو یہ بات حیرت انگیز نہیں کہ اس موسم میں چوہے آپ کو کچن، سونے کے کمرے یا گھر میں کسی اور جگہ نظر آئے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ چوہوں کا نظارہ بیشتر افراد کو پسند نہیں آتا۔

تو اگر چوہے گھر میں داخل ہوجائیں تو پھر آپ ان کو بھگانے کے لیے کیا کرسکتے ہیں؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایک طریقہ اتنا مؤثر ہے کہ آپ اس کے ذریعے بہت آسانی سے چوہوں کو گھر سے بھگا سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی اگر آپ پودینے کے تیل کو استعمال کریں تو گھر سے چوہوں کو بھگانا ممکن ہے۔

مگر یہ طریقہ کار اسی وقت کام کرے گا جب چوہوں کی تعداد بہت زیادہ نہ ہو، اگر وہ بہت زیادہ ہیں تو پھر آپ کو ان سے نجات کے لیے دیگر طریقوں پر عمل کرنا ہوگا۔

تو پودینے کا تیل چوہوں کے خلاف مؤثر کیوں ہے؟

چوہوں کی سونگھنے کی حس بہت تیز ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے لیے بہت زیادہ تیز بو برداشت کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

پودینے کی تیل کی مہک بہت تیز ہوتی ہے اور یہ مہک چوہوں کو ڈرا کر گھر سے بھگا دیتی ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اگر گھر میں چند چوہے موجود ہیں تو یہ انہیں مؤثر طریقے سے بھگانے کا بہترین قدرتی طریقہ ہے۔

مگر آپ کو ہر چند دن یا ہفتوں کے بعد پودینے کے تیل کا استعمال کرنا ہوگا تاکہ چوہے واپس نہ آئیں۔

آپ مختلف طریقوں سے پودینے کے تیل کو چوہوں کو گھر سے دور رکھنے یا بھگانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

روئی کی مدد لیں

روئی کے ٹکڑے پودینے کے تیل میں بھگو کر گھر کے مختلف حصوں میں رکھ دیں، خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں چوہے زیادہ نظر آتے ہیں۔

پودینے کی مہک چوہوں کو وہاں سے دور بھاگنے پر مجبور کر دے گی۔

روئی کے ان ٹکڑوں کو ہر 5 سے 7 دن بعد بدل دیں۔ 

اسپرے بناکر استعمال کریں

2 چائے کے چمچ پودینے کے تیل کو ایک کپ پانی میں ملا کر آپ اپنا گھریلو اسپرے تیار کرسکتے ہیں۔

اس محلول کو کسی اسپرے بوتل میں ڈال کر اچھی طرح ہلائیں اور پھر اسے چوہوں والی جگہوں پر اسپرے کر دیں۔

ہر 2 ہفتے بعد اس اسپرے کو ان جگہوں پر کریں تاکہ چوہوں کو طویل عرصے تک گھر سے دور رکھ سکیں۔

مزید خبریں :