05 جنوری ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔
رحیم یار خان میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پرباہمی مفادات کے فروغ اور دیگر امورپرگفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں یواے ای کے اہم کردار کی تعریف کی۔
اماراتی صدر نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت کی تعریف کی۔
شیخ زاید النہیان کا کہنا تھاکہ نئی اقتصادی قوت نے دوطرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے صدرنے پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مشکل وقت میں اقتصادی تعاون پر یو اے ای کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔