06 جنوری ، 2025
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخاب کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کے بعد فارم 47 جاری کردیا گیا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک 6 ہزار 688 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصر اللہ زیرے 4 ہزار 122 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار میر عثمان پرکانی نے 3 ہزار 731 ووٹ جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مجید خان اچکزئی نے 998 ووٹ حاصل کیے۔
غیر حتمی اورغیر سرکاری مطابق حلقے میں کل 17 ہزار 752 درست ووٹ ڈالے گئے جبکہ 41 ووٹ مسترد کردیے گئے، حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 35.36 فیصد رہی۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے پی بی 45 کے نتائج کے خلاف انسکمب روڈ پر دھرنا دے دیا تھا۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس تمام 15 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 ہیں جن میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار میر عثمان پرکانی کو برتری حاصل ہے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 45 میں جمعیت علمائے اسلام کے عثمان پرکانی نے پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک کی کامیابی چیلنج کی تھی، سپریم کورٹ نے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔