Time 06 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

قطر سے آئے ایک شخص کا ریما خان پر دھوکا دہی کا الزام

قطر سے آئے ایک شخص کا ریما خان پر دھوکا دہی کا الزام
حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو  ایک شخص نے لاہور پریس کلب کے باہر مختصر انٹرویو دیا—فوٹو: فائل

پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ریما خان پر ایک شخص نے دھوکا دہی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو شاہد رفیق نامی ایک شخص نے لاہور پریس کلب کے باہر مختصر انٹرویو دیا،شاہد رفیق نے دعویٰ کیا ہےکہ 2009 میں انہوں نے ریما کی فلم 'لو میں گم' کے لیے انہیں 2 کروڑ10س لاکھ روپے دیے تھے لیکن بدلے میں انہیں کوئی منافع نہیں ملا۔

اس شخص نے بتایا کہ ان سے زبردستی اداکارہ کی فلم کے لیے سرمایہ کاری کروائی گئی لیکن انہیں اتنے سال گزر جانے کے باوجود کچھ نہیں ملا۔

شاہد رفیق نے بتایا کہ وہ 2009 میں قطر سے لاہور واپس آئے  تاکہ ڈیفنس میں کچھ پراپرٹی خرید سکیں، اسی سلسلے میں ان کی ملاقات ریما خان کی بہن مائرہ خان سے ہوئی جو کہ ایک رئیل اسٹیٹ ڈیلر تھیں۔ 

شاہد رفیق کے مطابق انہوں نے مائرہ خان سے کہا کہ وہ پلاٹ خریدنا چاہتے ہیں جس پر  انہیں جواب ملا کہ میری بہن ریما خان کی فلم میں سرمایہ کاری کریں، اس سے فائدہ ہوگا، ریما کی بہن نے کہا کہ 5 یا 6 مہینے کے لیے 50,60 لاکھ روپے انویسٹ کرلیں اور یقین دلایا کہ اس میں انہیں منافع ملے گا، ریما خان سے ان کی ملاقات کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے بعد انہوں نے فلم کے لیے رقم منتقل کردی لیکن بعد میں ریما کی بہن مزید پیسوں کی ڈیمانڈ کرنے لگیں۔

شاہد رفیق نے مزید کہا کہ ریما نے انہیں ملائیشیا بھی بلایا جہاں فلم کی شوٹنگ کے لیے مرکزی کاسٹ موجود تھی، وہ بھی 20 سے 25 دن اسی ہوٹل میں ٹھہرے جب فلم مکمل ہوگئی تو پیسے لوٹانے کے بجائے وہ مزید پیسوں کا تقاضا کرتے رہے اور انہیں رقم کی ادائیگی نہیں کی۔

شاہد رفیق کے مطابق ریما نے پیسے دینے کے بجائے ان سے ایک معاہدہ کیا جس کے تمام ثبوت بھی ان کے پاس موجود ہیں اور اس کے علاوہ بینک اسٹیٹمنٹ کا ریکارڈ بھی موجود ہے لیکن ریما نے مجھ پر 20 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کر دیا کہ میں فراڈ ہوں،  ریما سامنے آئیں تو معلوم ہوگا کہ دھوکا کس نے دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس کے بعد سول کورٹ بھی گئے اور جج صاحب نے لکھ کردیا کہ شاہد رفیق نے نہیں بلکہ ریما خان نے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا فراڈ کیا ہے۔

شاہد رفیق کے مطابق ریما خان سول اور سیشن کورٹ میں کیس ہار چکی ہیں اور ہائیکورٹ میں انہوں نے اسٹے لیا ہے ریما خان کو آنے کا آرڈر کیا گیا ہے لیکن وہ درخواست دے کر مہلت لے رہی ہیں، مجھے یقین ہے کہ میں یہ کیس جیت جاؤں گا۔

مزید خبریں :