08 جنوری ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پورٹ پر ایف بی آر کے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر کسٹمز کلیئرنس کا یہ نیا نظام کراچی پورٹ پر قائم کیا گیا ہے۔ نئے نظام سےکسٹمز کلیئرنس کے وقت میں واضح کمی اور شفافیت کو فروغ ملا ہے،کسٹمز کلیئرنس کا کم ازکم دورانیہ 15 سے 20 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 19 گھنٹے پر آ چکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس نظام کے تحت بندرگاہوں پر درآمد کنندگان اور تشخیص کنندگان میں براہ راست رابطہ ممکن نہیں ہوگا۔ جدید نظام کے تحت امپورٹرز کو معلوم نہیں ہوگا کہ کون ان کے سامان کی کلیئرنگ کر رہا ہے، نہ ہی کلیئرنگ افسر کو پتہ ہوگا کہ وہ کس کے سامان کی کلیئرنگ کر رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ فیس لیس اسسیمنٹ نظام سے کام کی رفتار میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ اس نظام کا مقصد زیادہ سہل، آسان اور شفاف طریقے سے سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس جدید ڈیجیٹل کمپیوٹرائزڈ نظام کے لیےکسٹمز کے ایماندار افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس نظام کے تحت کسٹمز کلیئرنس میں درکار وقت میں واضح کمی ہوئی ہے۔کسٹمز کلیئرنس کے نئے نظام کے تحت شکایات میں 80 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ نیا نظام کسٹمز کلیئرنس میں کرپشن کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
اس سے قبل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ کسٹم میں جدید نظام متعارف کرانا ایک بڑی کامیابی ہے، جدید خودکار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی، جدید نظام کے تحت کلیئرنگ کا عمل 107 گھنٹے سےکم ہوکر 19 گھنٹے پر آگیا ہے، فیس لیس سسٹم سے 88 فیصد درآمدکنندگان مطمئن ہیں۔