فیکٹ چیک: ٹرمپ اور گرینل کی ”فری عمران خان“ بینر تھامے تصویر AI کی مدد سے بنائی گئی

کسی معتبر میڈیا ادارے نے ٹرمپ اور گرینل کی ”فری عمران خان“ بینر تھامے حقیقی تصویر کی خبر رپورٹ نہیں کی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں مبینہ طور پر نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے قریبی ساتھی رچرڈ گرینل کے ساتھ دکھایا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کے جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والا بینر تھاما ہوا ہے۔

یہ تصویر اصلی نہیں ہے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ٹولز کی مدد سے بنائی گئی ہے۔

دعویٰ

23 دسمبر کو ایک صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں مبینہ طور پر امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے سابق انٹیلی جنس چیف رچرڈ گرینل کو ایک ریلی میں دکھایا گیا ہے۔ ان کے ہاتھ میں موجود بینر پر لکھا ہے: ”فری عمران خان“۔

تصویر کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا: ”قیدی نمبر 804 کے چاہنے والے اس ٹویٹ کو Repost کر کے اپنی فالورز کو بڑھائیں۔“ اس ٹویٹ کو اب تک 61 ہزار سے زائد بار دیکھا، 1 ہزار 200 سے زیادہ مرتبہ ری پوسٹ اور 7 ہزار سے زائد دفعہ لائیک کیا گیا۔

فیکٹ چیک: ٹرمپ اور گرینل کی ”فری عمران خان“ بینر تھامے تصویر AI کی مدد سے بنائی گئی

یہ تصویر فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر بھی گردش کرتی رہی۔

کچھ آن لائن صارفین نے یقین کیا کہ یہ تصویر حقیقی ہے۔

حقیقت

مذکورہ تصویر کسی حقیقی تقریب میں نہیں لی گئی بلکہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ٹولز کی مدد سے تخلیق کی گئی ہے۔

قریب سے معائنہ کرنے پر تصویر کے نیچے دائیں کونے میں ”Grok“کا لفظ نظر آتا ہے۔ Grok ایک معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی امیج جنریشن ٹول ہے جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ یہ تصویر مصنوعی طور پر تخلیق کی گئی ہے۔

تصویر میں کئی غیرمعمولی خامیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ یہ ایک حقیقی تصویر نہیں ہے۔ مثال کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے بائیں ہاتھ میں غیر فطری بگاڑ نظر آتا ہے جس میں انگوٹھا غیر معمولی طور پر بڑا ہے جبکہ رچرڈ گرینل کے دائیں ہاتھ میں کئی انگلیاں نظر آتی ہیں جن میں انگلیوں کے تین جوڑے دکھائی دے رہے ہیں اور انگوٹھا غائب ہے۔

فیکٹ چیک: ٹرمپ اور گرینل کی ”فری عمران خان“ بینر تھامے تصویر AI کی مدد سے بنائی گئی

اس کے علاوہ کسی بھی معتبر میڈیا ادارے نے ٹرمپ اور گرینل کی”فری عمران خان“ بینر تھامے حقیقی تصویر کو رپورٹ نہیں کیا ہے جس سے مزید تصدیق ہوتی ہے کہ تصویر خود ساختہ ہے۔

فیصلہ: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصویر ایک مستند فوٹوگراف نہیں ہے بلکہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ٹولز کی مدد سے تخلیق کی گئی ہے۔ AI مارکرز، بصری بگاڑ اور معتبر میڈیا رپورٹس کی کمی سبب اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ تصویر ایک خود ساختہ تخلیق ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر) @GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck @پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔