09 جنوری ، 2025
غزہ پر اسرائیلی حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے، تازہ حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شجاعیہ میں مواصلاتی کمپنی پر فضائی حملہ کیا جس میں ٹاور پر کام کرتے 4 ملازمین شدید زخمی ہوئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 فلسطینی شہید ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق غزہ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔
دوسری جانب شمالی غزہ میں حماس کے حملے میں 3 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ بدھ کے روز شمالی غزہ میں لڑائی کے دوران اس کے3 فوجی ہلاک ہو گئے، جس سے فلسطینی علاقے میں اس کے جانی نقصان کی تعداد 399 ہو گئی۔
اس کے علاوہ ایک اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوا۔
ادھر غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کرانے کیلئے اسرائیلیوں نے احتجاج کیا اور تل ابیب کی سڑکیں بند کردیں اور نیتن یاہو حکومت سے غزہ جنگ فوری بند کرنے، یرغمالیوں کو واپس لانے کا مطالبہ کیا۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن کا کہنا ہے جنگ بندی معاہدے کے بہت قریب ہیں، یہ ہم نہ کر پائے تو آنے والی انتظامیہ صدر بائیڈن کے دیے گئے معاہدے کو آگے بڑھائے گی۔