Time 10 جنوری ، 2025
کھیل

اہلیہ سے طلاق کی افواہیں: بھارتی کرکٹر چہل نے معاملے پر لب کشائی کر دی

اہلیہ سے طلاق کی افواہیں: بھارتی کرکٹر چہل نے معاملے پر لب کشائی کر دی
دھناشری اورچہل نے 8 اگست 2020 کو منگنی کی اور 22 دسمبر 2020 کو گڑگاؤں میں ایک نجی تقریب میں شادی کی۔—فوٹو:فائل

بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل نے اہلیہ اور ڈانسر دھناشری ورما سے علیحدگی کی افواہوں پر لب کشائی کر دی۔

یوزویندر چہل اور دھناشری کے درمیان علحیدگی کی خبریں گزشتہ دنوں اس وقت پھیلیں جب جوڑے نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا اور ساتھ ہی کرکٹر نے دھنا شری کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردیں۔

دھنا شری ورما نے بھی انسٹاگرام پر چہل کو ان فالو کیا لیکن شوہر کی تصاویر نہیں ہٹائیں۔

اس کے بعد دنوں کی علیحدگی کی خبریں گردش کررہی تھیں اور بھارتی کرکٹر چہل کی جانب سے انسٹاگرام پر ذو معنی اسٹوریز بھی لگائی گئیں۔ تاہم جوڑے کی جانب سے کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا جارہا تھا۔

تاہم بدھ کو  پہلے دھناشری ورما نے اس معاملے پر خاموشی توڑی اور اب یوزویندر چہل نے بھی طلاق کی خبروں پر لب کشائی کر دی۔

چہل نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری لگاتے ہوئے ایک طویل پیغام لکھا جس میں انہوں نے حمایت جاری رکھنے  پر اپنے مداحوں کا  شکریہ ادا کیا اور اپنے کیریئر اور اقدار کے ساتھ وابستگی پر زور دیا۔ 

انہوں نے خاندان کی اہمیت کے بارے میں لکھا اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ بے بنیاد قیاس آرائیوں میں ملوث نہ ہوں۔

چہل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میں اپنے تمام مداحوں کا شکر گزار ہوں جن کی غیر متزلزل محبت اور حمایت کے بغیر میں یہاں تک نہیں پہنچ سکتا تھا، لیکن یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں مجھے ایک کھلاڑی ہونے پر فخر ہے، وہیں میں ایک بیٹا، بھائی، اور دوست بھی ہوں۔ میں حالیہ واقعات کے بارے میں خاص طور پر اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں پھیلے تجسس کو سمجھتا ہوں۔ تاہم میں نے سوشل میڈیا کی کچھ پوسٹس دیکھی ہیں جو ان معاملات پر قیاس آرائیاں کرتی ہیں جو صحیح بھی ہو سکتی ہیں یا نہیں بھی۔

اہلیہ سے طلاق کی افواہیں: بھارتی کرکٹر چہل نے معاملے پر لب کشائی کر دی
فوٹو: چہل انسٹاگرام اسکرین شاٹ

چہل نے کہا کہ ایک بیٹے، بھائی اور دوست کی حیثیت سے میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ان قیاس آرائیوں میں ملوث نہ ہوں، کیونکہ انہوں نے مجھے اور میرے خاندان کو بہت تکلیف دی ہے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کی شام انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیے گئے ایک نوٹ میں دھناشری نے بھی لکھا تھا کہ 'گزشتہ چند دن میرے اور میرے خاندان کے لیے بے حد مشکل رہے ۔ سب سے زیادہ پریشان کن وہ تحریریں ہیں جو حقائق سے خالی ہیں، اس ٹرولنگ سے پھیلائی جانے والی نفرت کے ذریعے میرے کردار کی توہین ہوئی ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنا نام اور ساکھ بنانے کے لیے سالوں محنت کی ہے۔ میری خاموشی کمزوری کی علامت نہیں بلکہ طاقت کی نشانی ہے۔ آن لائن پلیٹ فارمز پر منفی چیزیں آسانی سے پھیلتی ہیں۔

واضح رہے کہ دھناشری جو کہ ایک ڈینٹسٹ سے ڈانسر اور کوریوگرافر بنیں، نے مشہور ریئلٹی شو "جھلک دکھلا جا" میں حصہ لیا تھا۔

دھناشری اورچہل نے 8 اگست 2020 کو منگنی کی اور 22 دسمبر 2020 کو گڑگاؤں میں ایک نجی تقریب میں شادی کی۔

مزید خبریں :