Time 10 جنوری ، 2025
کاروبار

معیشت کا پہیہ جام کرنیکا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے، وزیراعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد

معیشت کا پہیہ جام کرنیکا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے، وزیراعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد
پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے: وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قومی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالر وطن بھیجے اور دسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 کروڑ اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالر، یورپ سے 36 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔

ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ پاکستانی بہن بھائیوں کی ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی سند ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات آئیں جو نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہے، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی بہن بھائیوں کےملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی سند ہے، ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔

مزید خبریں :