14 جنوری ، 2025
نامورپاکستانی اداکار گوہر رشید کے نکاح خواں کی موجودگی میں کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں گوہر رشید، نکاح خواں، حمزہ علی عباسی اور کچھ دیگر لوگوں کے درمیان بیٹھے خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں، دوران بات چیت نکاح خواں کچھ کاغذات گوہر رشید کی جانب بڑھا کر ان سے دستخط کرواتے ہیں۔
اس کلپ پر کچھ صارفین اس تشویش میں مبتلا نظر آئے کہ کیا یہ ویڈیو اداکار کے نکاح کی تقریب کی ہے؟
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر گوہر رشید کی اپنی ساتھی اداکارہ کبریٰ خان کے ساتھ شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
’دی کرنٹ‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ اداکار جوڑے کی شادی کی افواہیں اب محض افواہیں نہیں ہیں بلکہ شادی کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے اور آئندہ ماہ 22 فروری کو ان دونوں کی شادی ہوگی۔
ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟
یہ ویڈیو اداکار حمزہ علی عباسی کے نکاح کی تقریب کی ہے جس میں گوہر رشید نے نکاح نامے پر بطور گواہ دستخط کیے تھے۔
واضح رہےکہ چند روز قبل گوہر رشید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خود بھی ایک نئی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں کبریٰ خان اور شوبز انڈسٹری کے دیگر اداکاروں کے ساتھ کسی شادی کی تقریب میں ڈانس پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’بِسمِ اللّٰہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ، 2025ء کا آغاز ہوگیا ہے‘۔
گوہر رشید نے مزید لکھا کہ’یہ وارمنگ اپ سیشن ہے‘۔