16 جنوری ، 2025
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج ہو گا۔
اجلاس دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی تحریری طور پر اپنے مطالبات پیش کرے گی۔
ذرائع پی ٹی آئی کمیٹی کے مطابق اجلاس کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مکمل ہدایات لے لی ہیں، ان ہدایات کی روشنی میں اپنے مطالبات کو تحریری شکل دے دی ہے۔
دوسری جانب ذرائع حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات سامنے آنے کے بعد ہم بھی اپنی اپنی قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
اس سے قبل ن لیگ کے رانا ثناء اللہ نے آج ہونے والے مذاکرات میں پی ٹی آئی کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے کن لوگوں کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں؟جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آر اور اختیارات کیا ہوں گے؟ جوڈیشل کمیشن رپورٹ کتنی دیر میں پیش کرے گا؟ اہمیت تو ان چیزوں کی ہے جس پر ابھی کوئی بات نہیں کی گئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان چیزوں میں وقت لگ سکتا ہے ، امید ہے پی ٹی آئی قیدیوں کی فہرست اور جوڈیشل کمیشن سے متعلق اپنی شرائط بتائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر پارٹی اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔