16 جنوری ، 2025
بالی وڈ نواب سیف علی خان کے ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے سے متعلق واقعے پر کرینہ کپور کی ٹیم نے تفصیلات جاری کردیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف کے ممبئی کے علاقے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنادیا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
اس حوالے سے لیلا وتی اسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اتمانی نے بھی تصدیق کی۔
اب کرینہ کپور کی ٹیم نے بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ 'سیف علی خان اور کرینہ کپور کے گھر میں گزشتہ رات ڈکیتی کی واردات کی کوشش کی گئی جو ناکام ہوگئی، سیف کو بازو پر شدید چوٹیں آئی ہیں'۔
بیان میں کہا گیا 'اداکار اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اور دونوں بچے محفوظ ہیں'۔
کرینہ اور سیف کی ٹیم کی جانب سے مداحوں سے درخواست کی گئی کہ پرسکون رہیں اور کسی قسم کی جعلی خبروں پر یقین کرنے سے گریز کریں، صرف پولیس یا ہماری ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیانات کو ہی سچ مانیں۔
سیف علی خان کا بیان
دوسری جانب اداکار سیف علی خان نے بھی آفیشل بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ 'مداحوں سے میری درخواست ہے کہ اطمینان رکھیں'۔