Time 16 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر جاری کردی

ممبئی پولیس نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر جاری کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ ملزم کی تصویر جاری کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں گھس کر ان سے ایک کروڑ مانگے تھے۔ حملہ آور نے سیف کے بیٹےکی آیا کو بھی زخمی کیا۔

پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ملازموں اور عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔

سیف علی خان کے بیٹے کی آیا کے مطابق حملہ آور رات کے دو بجے سیف اور کرینہ کے گھر میں گھسا۔ سیف علی خان نے حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی، تاہم اس نے ان پر چھریوں کے پے در پے کئی وار کیے۔ جس سے سیف علی خان شدید زخمی ہوئے۔ 

پولیس رپورٹ کے مطابق ڈکیتی مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔

پولیس کے مطابق اسپتال میں 54 سالہ اداکار کا علاج کیا گیا اور اب ان کی زندگی خطرے سے باہر ہے۔

قبل ازیں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مشتبہ شخص ملحقہ عمارت سے دیوار پھلانگ کر سیف اور کرینہ کے گھر کے احاطے میں داخل ہوا۔

بالی وڈ اسٹارز  اور حزب اختلاف کے سیاست دانوں نے پولیس سے شہر میں سکیورٹی انتظامات کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نینشل کانگریس پارٹی کے رہنما شرد پوار کے ترجمان نے کہا کہ 'اگر اتنی اعلیٰ شخصیات پر سکیورٹی کے باوجود ان کے گھروں پر حملہ ہوتا ہے تو پھر عام افراد کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا؟'

مزید خبریں :