20 جنوری ، 2025
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ہارون آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق اور 3 بھائی زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سائٹ ایریا ہارون آباد میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی رہائشی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 بھائی زخمی ہو گئے جن میں سے 2 جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 بھائی جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں اسد اللہ اور سمیع اللہ جبکہ زخمیوں میں اکرام اللہ، امیر عبداللہ اور شفیع اللہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق امیر عبداللہ کے علاوہ تمام بھائی سرکاری ملازم تھے، فائرنگ کرنے والے ملزمان نے گھر سے کوئی قیمتی چیز نہیں لی اور نہ ہی لوٹ مار کی، تمام بھائی ایک ساتھ رہتے تھے۔
گزشتہ روز جاں بحق اور زخمی افراد کے بچوں کا محلے میں کچھ لڑکوں سے جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے بعد لوگوں نے صلح کرادی تھی۔
پولیس کے مطابق اہلخانہ کو شبہ ہے کہ فائرنگ کرنے والے لڑکے وہی ہیں جن سے کل جھگڑا ہوا تھا، زخمی افراد سے واقعے سے متعلق تفصیلات لی جارہی ہیں۔